پاکستان نے ہمیشہ اپنے دفاع و مقاصد کے حصول کیلئے بھرپور صلاحیتوں کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے،انٹرویو
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم جب بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزی کی جاتی ہے تو پاکستان نے ہمیشہ اپنے دفاع اور مقاصد کے حصول کیلئے بھرپور صلاحیتوں کا مسلسل مظاہرہ کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں سینیٹر شیری رحمان نے پاکستانی افواج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی اور پاکستان نے ایک پرعزم کارروائی کے ساتھ اس کا فوری جواب دیا جس سے پاکستان کا علاقائی سالمیت کے تحفظ کا عزم اجاگر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارض وطن کے دفاع میں پاکستان نے بھارتی حملوں کا سخت اور موثر جواب دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارتوں اور بہادری کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم ایک متحدقوم ہیں اور اپنی خودمختاری اور سالمیت کے دفاع کیلئے غیر متزلزل طور پر اپنی آخری سانس تک کھڑے رہیں گے۔