پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں ہے‘پاکستان کا ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر، ریسکیو و ریلیف کی کاروائیوں کو مزید تیز،کشتی الٹنے کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے تمام بہادر سپوتوں کوخراج تحسین کیا ہے۔یوم فضائیہ پر پیغام میں کہا کہ فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے فضائی جنگی معرکوں میں اپنی دھاک بٹھائی۔ وزیرعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے معرکہ حق بنیان مرصوص میں فیصلہ کن کردارادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دشمن کو چاروں شانے چت کرکے دنیا کو حیرت زدہ کر دیا۔ پاک فضائیہ کی ناقابل تسخیر کثیرالجہتی جنگی صلاحیتیں ان کی جدت کا ثبوت ہیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ثابت کیا کہ دشمن کبھی جذبے کو شکست نہیں دے سکتا۔ادھر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جلالپور پیروالا میں ریسکیو کشتی الٹنے کے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے 5 افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعاکی۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف کی کاروائیوں کو مزید تیز اور مؤثر کیا جائے‘نقل مکانی کرنے والے افراد کی بروقت اور بھرپور امداد یقینی بنائی جائے‘ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ روابط و تعاون کو مزید مربوط بنایا جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان مسلسل موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں ہے‘پاکستان کا ماحول دشمن گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے ذیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر مؤثر حکمت عملی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں جامع منصوبہ بندی تشکیل دے رہے ہیں۔پیشگی اطلاعات، مضبوط و پائیدار انفراسٹرکچر اور ریسکیو و امداد کا نظام مزید مربوط کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔