حسا ب چکا دیا‘بھارت کو چوٹیں لگی ہیں، ان کی ٹکور شکور کر رہے ہیں خواجہ آصف

 6 گھنٹوں میں بھارت کو بتا دیا  ہم کیا کر سکتے ہیں‘بی ایل اے کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، بی ایل اے والے بھی ہندوستانی ہیں، پی ٹی آئی دورمیں پلوامہ واقعہ ہوا
 پاکستان کے پاس کوئی اور آپشن نہیں رہ گیا تھا،  بھارت کو کاری ضرب لگائی گئی ہے اور کئی ایئر فیلڈز تباہ کر دی گئی ہیں:وزیردفاع کا بیان
  اسلام آباد (آئی این پی )  وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے  بھارت کو کاری ضرب لگائی گئی ہے اور کئی ایئر فیلڈز تباہ کر دی گئی ہیں‘پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا ہے اور آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارتی ایئر فیلڈز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کوئی اور آپشن نہیں رہ گیا تھا، بھارت کو کاری ضرب لگائی گئی ہے، اور گجرات سے پنجاب تک بھارتی فضائی تنصیبات تباہ کردی گئی ہیں۔وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کو ایسا جواب دیا گیا ہے کہ گزشتہ تین چار روز کی جارحیت کا حساب چکا دیا گیا ہے۔ عوام کا مطالبہ تھا کہ بھارت کو جواب دیا جائے، اور ہم نے یہ جواب دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے بھارت کو پہلگام واقعے کی تحقیقات امریکہ سے کرانے کی پیشکش کی تھی، لیکن بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے تحقیقات سے انکار کردیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے‘انہوں نے کہا ، ہم نے 6 گھنٹوں میں بھارت کو بتا دیا ہے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔خواجہ آصف کا یہ بھی کہنا تھا کہ بی ایل اے کا بھی پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، بی ایل اے والے بھی ہندوستانی ہیں، پی ٹی آئی دورمیں پلوامہ واقعہ ہوا، پہلے کلبھوشن بھی پکڑا گیا