لاہور اور راولپنڈی میں شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی‘فوج کے حق میں نعرے
سیالکوٹ میں ٹینکوں اور فوجی جوانوں پر پھول نچھاورکئے گئے‘کوئٹہ میں بھی جشن
لاہور (آن لائن) پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ملک بھر میں عوامی سطح پر پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور اور راولپنڈی میں شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ لاہور میں مختلف علاقوں سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کے بعد شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگانے لگے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ ہر حال میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ گوجرانوالہ میں شہریوں نے فتح ریلی نکالی، ریلی میں سبزہلالی پرچم اٹھائے شہریوں نے بھرپور شرکت کی شرکا نے پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے ۔سیالکوٹ میں شہریوں نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بارڈر سے آنے والے پاک فوج کے ٹینکوں اور اہلکاروں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔پاکستان کا جھنڈا اٹھائے شہریوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ شہریوں نے ٹینکوں پر موجود پاک فوج کے جوانوں کو گلدستہ بھی پیش کیا۔کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پاکستان کی بھارت سے فتح پر جشن منایا گیا،شہریوں نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا،ان کا کہنا تھا کہ ہماری فورسز نے بھارت کا تکبر خاک میں ملا دیا۔