پاک سعودیہ وزرائے خارجہ میں رابطہ،برطانوی ہائی کمشنر نے بھی تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا
چین نے بھی پاکستان اور بھارت سے بات چیت کے ذریعے تنازع حل کرنے کی اپیل کی
اسلام آباد‘بیجنگ (آئی این پی )پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب سفارتی سطح پر متحرک ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے درمیان ہونے والی گفتگو میں سعودی عرب نے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔اسحاق ڈار نے بھارتی حملوں اور پاکستان کے جوابی ردعمل سے سعودی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا اور علاقائی صورتحال پر اعتماد میں لیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان نے معصوم جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور پاکستان کے تحمل اور ذمہ دارانہ رویے کی تعریف کی‘ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ایک بیان میں پاکستان اور بھارت کو تحمل کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنازع کسی کے مفاد میں نہیں، براہ راست مذاکرات سے سفارتی حل نکالیں ۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے پاکستان اور بھارت تحمل کا مظاہرہ کریں، فریقین امن اور استحکام کے وسیع تر مفاد میں کام کریں۔چین نے زور دیا کہ دونوں ممالک پرامن ذرائع سے سیاسی تصفیہ کی راہ پر واپس آئیں۔چین نے اپیل کی کہ دونوں ممالک کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کریں جس سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہو،