گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں 43فیصد اضافہ ریکارڈ

8ماہ میں ایک لاکھ 28 ہزار 498 یونٹس فروخت،ماہانہ 26فیصدکمی رہی 
 جدید ٹیکنالوجی سے آٹو سیکٹر میں بحالی کے آثار نمایاں ہو رہے ،مشہود علی 
کراچی(خصوصی رپورٹ)آٹو موبائل شعبے میں مجموعی طور پر بحالی کے آثار سامنے آ رہے ہیں تاہم ماہانہ بنیاد پر فروخت میں اتار چڑھاؤ بدستور جاری ہے۔پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچرز ایسوسی ایشن (پاما)کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران گاڑیوں کی مجموعی فروخت 43 فیصد اضافے کیساتھ1 لاکھ 28 ہزار 498 یونٹس تک پہنچ گئی۔جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں بہتری کو ظاہر کرتی ہے،تاہم ماہانہ بنیاد پر فروری 2026 میں گاڑیوں کی فروخت کم ہو کر17 ہزار 121 یونٹس رہی، جو ایک ماہ قبل کے مقابلے میں تقریباً 26 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔فروری 2026 میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں سمیت دو اور تین پہیوں والے یونٹس کی فروخت ایک لاکھ 59 ہزار 512 یونٹس تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے، تاہم ماہانہ بنیاد پر اس شعبے میں 12 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ پہلے آٹھ ماہ میں دو اور تین پہیوں والے یونٹس کی مجموعی فروخت 31 فیصد اضافے سے12 لاکھ 65 ہزار 61 یونٹس تک پہنچ گئی۔ فروری میں ٹرکوں اور بسوں کی فروخت 37 فیصد اضافے کے ساتھ 486 یونٹس سے 664 یونٹس تک پہنچ گئی جبکہ رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں اسکی فروخت 82 فیصد اضافے کے ساتھ 5 ہزار 296 یونٹس تک جا پہنچی۔دوسری جانب ٹریکٹرز کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم فروری میں ٹریکٹرز کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر 31 فیصد کمی سامنے آئی۔ آٹو ماہر اور سابق چیئرمین پاما مشہود علی خان نے دنیا نیوز کو بتایا کہ شرح سود میں کمی، معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور جدید ٹیکنالوجی آٹو سیکٹر میں مجموعی طور پر مسلسل بحالی کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، تاہم بلند قیمتیں،فنانسنگ کے محدود مواقع اور صارفین کی کمزور قوتِ خرید اب بھی اس صنعت کی رفتار کو متاثر کررہے ہیں، ان عوامل کے باعث ماہانہ بنیاد پر فروخت میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے لیکن جلد ہی حکومتی آٹو پالیسی کا اعلان اس سیکٹر کو نئی ترقی کی جانب گامزن کردے گا۔