معمولی جھگڑے پر نشئی کے ہاتھوں بھائی قتل

پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ، چند گھنٹوں میں ہی ملزم کو آلہ قتل سمیت دھرلیا گیا 
لاہور(کرائم رپورٹر)شمالی چھاؤنی کے علاقے میں معمولی جھگڑے پر حقیقی بھائی کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ، ایس ڈی پی او نارتھ کینٹ اور ایس ایچ او نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے مقتول کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دی۔پولیس حکام کے مطابق مقتول کی بیوی کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا واقعہ کے بعد ایس پی کینٹ اختر نواز نے ایس ایچ او شمالی چھاؤنی کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر ملزم علی شان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزم نشے کا عادی بتایا جاتا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق معمولی لڑائی جھگڑے پر اس نے اپنے حقیقی بھائی کو قتل کیا۔ایس پی کینٹ اختر نواز نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او شمالی چھاؤنی طیب فاروق اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔