وزیر تعلیم کا رائیونڈ روڈ کے حساس امتحانی سنٹرز کا دورہ

 امتحانی عمل کا معائنہ ،طلباء￿  سے پرچہ و دیگر امور سے متعلق فیڈ بیک لیا 
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے رائیونڈ روڈ کے حساس امتحانی سنٹرز کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے امتحانی عمل کا معائنہ کیا اور طلبا سے پرچہ و دیگر امور، بالخصوص سنٹر میں بوٹی مافیا سے متعلق فیڈ بیک لیا۔ وزیر تعلیم نے تھری ڈی بار کوڈ کے ذریعے طلبا کی شناخت بھی چیک کی۔ رانا سکندر حیات کی ہدایت پر امیدواروں کی جامہ تلاشی بھی لی گئی۔ انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق عملے کی حاضری و شناخت چیک کی اور حساس امتحانی سنٹرز میں تسلی بخش انتظامات پر نگران عملہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بار کوڈ کی مدد سے پہلی بار فیس ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی متعارف کروا کر عرصہ دراز سے پنپتے بوٹی مافیا کا راستہ بند کر دیا ۔ رانا سکندر حیات نے مزید کہا اس مرتبہ نقل کے کیسز کی تعداد بھی گزشتہ سال کے روزانہ 15 سے 20 کے مقابلے میں کم ہو کر 2 سے 3 پر آ چکی ہے۔