اجلاس شرکا کی فیصلے کے اساتذہ اور محققین پر پڑنے والے منفی اثرات پر کی تشویش
لاہور (کرائم رپورٹر)یو ای ٹی ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن (ٹی ایس اے)کے زیر اہتمام وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)کی جانب سے اساتذہ اور ریسرچرز کی تنخواہوں میں 25فیصد ٹیکس کٹوتی کے فیصلے کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔اساتذہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاٹھا کر لائبریری چوک میں احتجاج کیا ، پلے کارڈز پر مختلف نعرے درج تھے۔ اس سلسلے میں صدر ٹی ایس اے ڈاکٹر محمد شعیب کی زیر صدارت اجلاس ہواجس میں ایسوسی ایشن نے جنرل باڈی میٹنگ بلانے کا فیصلہ کیاتاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔اجلاس میں ٹی ایس اے کے ارکان نے اس فیصلے کے اساتذہ اور محققین پر پڑنے والے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ٹی ایس اے کے صدر نے کہا اگر یہ نوٹیفکیشن واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تنویر قاسم نے کہا یہ اقدام اساتذہ اور محققین پر سنگین مالی اثرات مرتب کرے گا اور ان کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچائے گا۔ اجلاس میں ڈاکٹر فہیم گوہر اعوان، ڈاکٹر عثمان، ڈاکٹر اویس،ڈاکٹر شمائلہ، ڈاکٹر ہدیٰ، ڈاکٹر رضوانہ،ڈاکٹر محمد عرفان جلیس نے بھی شرکت کی۔