ایل پی جی 3دن میں 60روپے کلو مہنگی

 مافیا سرگرم ، کمی کے اعلان کے باوجود اضافہ، ایل پی جی ایسوسی ایشن کا قیمت مزید بڑھنے کا خدشہ ،انتظامیہ خاموش تماشائی

لاہور (خصوصی رپورٹ ) ایل پی جی مافیا رمضان المبارک میں بھی سرگرم ہو گیا، شہر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہونے لگا۔اوگرا نے رمضان سے قبل ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا۔اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیرگزشتہ 3روز میں ایل پی جی کی قیمت میں 50سے 60روپے کلوبلاجواز اضافہ کردیا گیا۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن نے قیمت مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔تفصیل کے مطابق رمضان المبارک میں ایل پی جی کی قیمتیں آسمانوں کو چھونے لگی ہیں۔ چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیاں اور ڈسٹری بیوٹرز اپنی مرضی کی قیمت وصول کررہے ہیں،عوام رمضان المبارک کے مبارک ایام میں بھی لٹنے پر مجبور ہیں، 248 روپے کلو ایل پی جی300 سے لے کر310 روپے اورپہاڑی علاقوں میں 350روپے میں دھڑلے سے فروخت کر رہے ہیں، کوئی پکڑ نے والا ہی نہیں۔ اوگرا اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لوٹ مار کی کھلی چھٹی دی گئی،گزشتہ تین روز میں عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کا ڈاکا مارا گیا۔ ایل پی جی د کاندار و ڈسٹری بیوٹرز بے گناہ ہیں ان کے خلاف فوری طور پر جرمانے و کارروائیاں بند کی جائیں،طاقتور لوگوں کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعظم ، وزیر پٹرولیم اور چیئرمین اوگرا سے اپیل ہے کہ وہ نوٹس لیں۔