پاکستان ماحولیاتی تبدیلی اور آبادی میں اضافے جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے:وزیر خزانہ

 پاکستان ماحولیاتی تبدیلی اور آبادی میں اضافے جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے:وزیر خزانہ

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، اور اس سلسلے میں عالمی سطح پر تعاون کی ضرورت ہے۔

 وزیر خزانہ کی اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر سے ملاقات کے دوران قرضوں کے انتظام، تنظیم نو اور ماحولیاتی فنانسنگ پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پائیدار ترقی کے لیے عالمی ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان اور عالمی بینک کے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کا حوالہ دیتے ہوئے معاشی استحکام اور کلیدی اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے حوالے سے گفتگو کی۔ملاقات میں ماحولیاتی فنانسنگ اور سبز توانائی کے فروغ پر بھی بات کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نجی شعبہ طویل مدتی اور پائیدار ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے اور اس کو مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔

 انہوں نے نوجوانوں کو کاروباری صلاحیتوں سے آراستہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی ملیں گے۔پاکستان نے اقوام متحدہ اور دوسرے ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عہد کیا ہے تاکہ ملک کی معاشی ترقی اور ماحولیاتی مسائل کو حل کیا جا سکے۔ اس ملاقات میں دونوں فریقین نے ایک مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے لیے تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا۔