ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شہر بھر میں 20 خصوصی "غیر متحرک پوائنٹس" قائم ہیں
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں جدید پولیسنگ اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے تحت ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) نے سیف سٹی الرٹس پر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں مطلوب چار گاڑیاں برآمد کر لیں۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر شہر بھر میں 20 خصوصی "غیر متحرک پوائنٹس" قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈولفن اور پی آر یو کی 20 ٹیمیں دو شفٹوں میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ ان پوائنٹس پر سیف سٹی کیمرہ کالز اور الرٹس کی بنیاد پر کارروائیاں کی جاتی ہیں۔ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑیوں میں دو جعلی نمبر پلیٹ والی، ایک چوری شدہ اور ایک بلیک لسٹ گاڑی شامل ہے۔ کارروائیوں کے دوران مشتبہ، مطلوب اور جرائم میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ جدید سرویلنس سسٹم اور فیلڈ فورس کے باہمی اشتراک سے جرائم کی روک تھام میں نمایاں پیش رفت حاصل ہو رہی ہے۔ سیف سٹی الرٹس پر فوری رسپانس کے باعث مختلف مقامات پر مطلوب اور مشکوک گاڑیوں کی بروقت نشاندہی اور گرفت ممکن بن گئی ہے۔