پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، سوار تمام اہلکار شہید

صدرِ مملکت،وزیر اعظم،  فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز کا  قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار
 مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر مظفر آباد کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر ٹیک آف کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور ریکوری ٹیمیں فوری طور پر حادثے کی جگہ پر پہنچ گئیں۔خیبر پختونخوا کے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کی روسی ماہرین تحقیقات کریں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق حادثے کی درست تکنیکی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری بنانے کا حکم دے دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے، پاک فوج کے تمام افسران و جوانوں کا بھی قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مظفر آباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے حادثے میں شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے میں اہلکاروں کی شہادت پر اہلِخانہ سے تعزیت اور اظہار ہمدردی کیا۔آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ قوم شہداء کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی اور اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔وزیرِ اعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔