مری ایکسپریس وے پر ویگن کو حادثہ‘ 10سیاح زندہ جل گئے‘13زخمی

 کھجٹ کے مقام پرویگن  موڑ کاٹتے ہوئے نالے میں جا گری، جس کے باعث  فورا آگ بھڑک اٹھی‘سیاحوں کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا
حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق ایک  خاندان سے ہے جو  ملتان سے مری سیر کیلئے جا رہے تھے‘ویگن میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی
راولپنڈی (آن لائن) مری ایکسپریس وے پر سیاحوں سے بھری ویگن  میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے جبکہ 13 شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا بدقسمت خاندان ملتان سے مری سیر کرنے جا رہا تھا  مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر کنارے سے ٹکرا گئی جس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی گاڑی کا دروازہ کنارے کے ساتھ ٹکرانے کے باعث گاڑی میں سوار افراد کو نکلنے کا موقع ہی نہ ملا جبکہ آگ نے گاڑی کو لپیٹ میں لے لیا نزدیک ترین اور فوری ریسکیو سروس نہ ہونے سے 10 افراد زندہ جل کر دم توڑ گئے جبکہ 13 افراد شدید زخمی ہو گئے بعد ازاں واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور موٹر وے پولیس کے علاوہ مری انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی موٹر وے پولیس کے ترجمان نے افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 10 افراد کے جاں بحق اور 13 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ترجمان کے مطابق ہائی ایس وین موڑ کاٹتے ہوئے نالے میں جا گری، جس کے باعث وین میں فورا آگ بھڑک اٹھی ہائی ایس وین اس جانب گری جہاں سے دروازے کھولنا ممکن نہ تھا تاہم جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ترجمان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو کہ ملتان سے مری کی جانب جا رہے تھے اور ہائی ایس وین میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی جن کی تعداد 10 تھی۔