سمندر پار پاکستانیوں کا اعتماد نہایت خوش آئند اور ملکی معیشت کیلئے قومی سرمایہ ہے: شہباز شریف
اسلام آباد( آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے نے مئی 2026 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 3.4 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلاتِ زر بھجوانے پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2026 میں سمندر پار پاکستانیوں نے ماہانہ بنیاد پر 20.2 فیصد اور سال بہ سال بنیاد پر 15.4 فیصد زیادہ ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں، جو ملکی معیشت کے لیے نہایت خوش آئند اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف وطن کے سفیر ہیں بلکہ ان کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ملکی اقتصادی استحکام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کا ملکی معیشت پر اعتماد اور ان کی مثبت شراکت داری پاکستان کا قیمتی قومی سرمایہ ہے۔