اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آزاد جموں و کشمیر میں اہم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے 5 ارب 90 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
وزارت خزانہ نے اسٹیٹ بینک کو باضابطہ ہدایات جاری کرتے ہوئے ان فنڈز کی ادائیگی کی منظوری دی ہے۔ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق یہ رقم مالی سال 2024-25 کے بجٹ میں مختص ترقیاتی فنڈز میں سے ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے، اور اس کا تعلق براہ راست کیش ادائیگی سے نہیں ہوگا۔
منظور شدہ چار بڑے ترقیاتی منصوبے درج ذیل ہیں:
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کمپلیکس
منصوبے کے لیے 1 ارب 47 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔
رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیر
اس اہم پل کی تعمیر کے لیے 3 ارب روپے منظور کیے گئے۔
میرپور ایم بی بی ایس میڈیکل کالج
اس تعلیمی ادارے کے لیے 1 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی۔
میرواعظ محمد فاروق شہید میڈیکل کالج مظفرآباد
کالج کے لیے 42 کروڑ 75 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔
حکام کے مطابق ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے نہ صرف بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئے گی بلکہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی اہم پیش رفت ممکن ہوگی۔وفاقی حکومت کا یہ اقدام آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور وہاں کے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔