اسلام آباد: صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے سابق چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد کشمیر جسٹس (ر) صداقت حسین راجہ نے الوداعی ملاقات کی۔
یہ ملاقات کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں واقع ایوانِ صدر میں ہوئی۔ملاقات کے دوران صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جسٹس (ر) صداقت حسین راجہ کی عدالتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر میں آئین و قانون کی بالادستی، بروقت انصاف کی فراہمی اور عدلیہ کے وقار کو بلند کرنے میں قابلِ قدر کردار ادا کیا۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ جسٹس (ر) صداقت حسین راجہ کی جانب سے انصاف اور قانون کی بالادستی کے لیے کیے گئے مؤثر اقدامات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس موقع پر صدر ریاست نے جسٹس (ر) صداقت حسین راجہ کو ان کی خدمات کے اعتراف میں صدارتی شیلڈ بھی پیش کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔