بھارت دہشتگردوں کی فنڈنگ کر رہا ہے، پاکستان کا پانی روکنا اعلانِ جنگ ہوگا: بلاول بھٹو زرداری

بھارت دہشتگردوں کی فنڈنگ کر رہا ہے، پاکستان کا پانی روکنا اعلانِ جنگ ہوگا: بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک: چیئرمین پیپلز پارٹی اور پاکستان کے پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت دہشتگردوں کو فنڈنگ کر کے پاکستان میں کارروائیاں کرواتا ہے، حتیٰ کہ بھارت نے اپنے ہی ملک میں دہشتگردی کروا کر پاکستان پر الزامات عائد کیے۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے اور عالمی برادری نے اس کے الزامات کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو معلوم ہے کہ پہلگام حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، صرف سیاسی فائدے کے لیے ایسے الزامات لگائے جاتے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے خبردار کیا کہ بھارت پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا، کیونکہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی قانونی دستاویز ہے، جسے بھارت یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا:"پاکستان کا پانی روکنا اعلانِ جنگ کے مترادف ہوگا۔"
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کی دھمکیاں اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں، اور عالمی برادری اچھی طرح جانتی ہے کہ بھارت نے غیر قانونی طور پر دنیا بھر میں سکھ کارکنوں کو قتل کیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ:"پاکستان سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، اور بھارت کو بھی اس بات کا ادراک ہے۔ مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات سے ممکن ہے، مگر افسوس ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ صرف جنگی زبان استعمال کرتے ہیں۔"بلاول بھٹو کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں اہم سفارتی پیغام قرار دیا جا رہا ہے۔