ہائیکورٹ :3بار پھانسی کی سزا کیخلاف اپیل منظور ،مجرم بری

 تہرے قتل کے مقدمہ پر ماتحت عدالت نیناصر کو3بار سزائے موت کا حکم سنایا تھا
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے تہرے قتل کے مجرم کی3بار پھانسی کی سزا کیخلاف اپیل منظور کرتے ہوئے مجرم کو بری کر دیا۔ جسٹس شہرام سرور اور جسٹس طارق ندیم پر مشتمل بینچ نے سماعت کی،مجرم کی جانب سے عثمان نسیم بابو اور بلال فاروق ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے کہ ناصرحسین اور اسکے بھائی مدثر حسین کیخلاف 2018 میں تہرے قتل کا مقدمہ درج ہوا، ان پر نیاز ،احمد نیاز اور فیض کو گلا دبا کر قتل کرنے کا الزام تھا،تینوں افراد مجرم کی فیکٹری میں کام کرتے تھے، مدثر کو دوران ٹرائل ماتحت عدالت نے عدم ثبوتوں پر بری کر دیا تھااورمجرم ناصر کو ماتحت عدالت نے 2021 میں 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا،مقتولین کی لاشیں جس گاڑی سے برآمد ہوئیں مجرم کا ڈی این اے وہاں سے ملا ہے،مجرم کو سزا سنانے کیلئے یہ ثبوت ناکافی ہے اور مدثر کو بری کرنے کے حکم میں جو شہادت مسترد کی گئی اسے مجرم کیلئے قابل قبول نہیں سمجھا جا سکتا،عدالت مجرم کو بری کرنے کا حکم دے۔سرکاری وکیل نے بتایا مجرم پولیس تحقیقات میں گنہگار پایا گیا ،مجرم کو ڈی این اے اور پولیس رپورٹ کے بعد پھانسی کی سزا سنائی گئی ،عدالت بریت کی درخواست خارج کرے۔