2400دیہات ماڈل بنانے کی تیاری

800 دیہات کیلئے پنجاب حکومت،باقی کیلئے ورلڈ بینک مالی معاونت کریگا ،منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا :ذرائع 
لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب حکومت نے صوبے کے دیہی علاقوں کی تقدیر بدلنے کیلئے "ماڈل ویلیج پراجیکٹ" کے تحت 2400 دیہات کو سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈل و یلیجزمیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے منصوبے کی منظوری دے دی جبکہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو اس منصوبے کی نگرانی اور عملی نفاذ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے 800 دیہات کو ماڈل ویلیجز بنانے کے لئے پنجاب حکومت فنڈز فراہم کرے گی جبکہ باقی 1600 دیہات کے لئے ورلڈ بینک سے مالی معاونت حاصل کی جائے گی، اس منصوبے کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں باقاعدہ فنڈز مختص کئیجائیں گے۔ذرائع کے مطابق ماڈل ویلیجز میں عالمی معیار کے مطابق پختہ گلیوں کی تعمیر، صفائی و ستھرائی اور جدید سینی ٹیشن نظام، واٹر سپلائی لائنز اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اور ہدف ہے کہ پنجاب کے 60 فیصد سے زائد دیہات کو جدید ماڈل ویلیجز میں تبدیل کیا جائے، یہ منصوبہ نہ صرف دیہی علاقوں میں معیارِ زندگی کو بہتر بنائے گا بلکہ مقامی معیشت، صحت و صفائی، اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔