ایران کے سپریم لیڈر کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای سے منسوب ایک تحریری بیان میں اپنے والد کے قتل کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ سپریم لیڈر کے قتل کا بدلہ قوم کا مطالبہ ہے اور یہ ضرور لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شہید رہنما سمیت تمام شہداء کے خون کا حساب لینے کا عہد کرتے ہیں اور ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا کہ والد کی تدفین اور آخری رسومات کے اختتام پر ایران اور عراق میں لاکھوں سوگواروں کی جانب سے جنازوں اور تعزیتی اجتماعات میں شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کیا گیا۔ مجتبیٰ خامنہ ای کے مطابق تہران، قم، نجف، کربلا، مشہد اور دیگر شہروں میں عوام کی شرکت قومی اتحاد اور استقامت کا مظہر ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ اپنے والد کے مشن کو جاری رکھیں گے اور ایران مشکلات کے باوجود اپنے اہداف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ حملے کے ذمہ داروں کی شناخت ہو چکی ہے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔