رواں ہفتے ایک بار پھر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب یوکرین نے دوسری بار روس کے دارالحکومت ماسکو کی آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا۔
یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے روستوف ریجن اور روس کے زیرِ قبضہ یوکرینی علاقوں میں بھی اہم اہداف پر حملے کیے گئے ہیں۔دوسری جانب روسی حکام کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ رات ماسکو سمیت مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 555 یوکرینی ڈرونز کو تباہ کر دیا۔ حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت ماسکو کے رنگ روڈ پر ٹریفک جزوی طور پر معطل رہی جبکہ تمام بڑے ہوائی اڈوں پر پروازیں بھی عارضی طور پر روک دی گئیں۔روسی حکام کے مطابق روستوف ریجن میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوئے جبکہ دو تجارتی تنصیبات میں آگ لگ گئی۔
ادھر یوکرینی حکام نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ روس نے دارالحکومت کیف پر میزائل حملے کیے، جس کے دوران شہر میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔یہ صورتحال دونوں ممالک کے درمیان جاری جنگ میں مزید شدت کی نشاندہی کرتی ہے، جہاں دونوں جانب سے حملوں اور دفاعی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔