پنجاب حکومت نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر واسا اور دیگر متعلقہ اداروں نے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں۔حکام کے مطابق راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور دیگر اضلاع میں قائم ریلیف کیمپس پر شہریوں کو ٹھنڈا پینے کا پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شدید گرمی کے اثرات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل نے واسا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، جبکہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے، ریلیف کیمپس کا باقاعدگی سے معائنہ کرنے اور تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے مزید کہا کہ پانی کی فراہمی کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے اور دور دراز یا پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں میں واٹر باؤزرز اور ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تاکہ ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔