بارش برسانے والا سسٹم 14 جنوری کو پاکستان میں آئیگا

 پہاڑوں پربارش اور برفباری کاامکان،میدانی علاقوں میں شدید دھند کاامکان
دھند کے باعث موٹرویزکئی مقامات پر بند ،فلائٹس اور ٹرین شیڈول بھی متاثر
لاہور اسلام آباد( کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں بارش برسانے والا سسٹم 14 جنوری کو داخل ہوگا،دوسری طرف دھند کے باعث موٹرویز کو کئی مقامات سے بند کردیاگیا،پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا۔تفصیلات کے مطابق بادلوں کے سسٹم کے آنے سے بارش ہوگی اور دھند کی شدت میں کمی آئے گی۔ آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح، رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق صبح، رات کے اوقات میں پنجاب کے میدانی اضلاع میں درمیانی سے شدید دْھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی پنجاب، کشمیر، مری، گلیات اور گردونواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ دوسری طرف حد نگاہ صفر ہونے پرموٹروے کو کئی مقامات سے بندکردیاگیا، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11اور ایم 3 کو سرشام ہی ٹریفک کیلئے بند کیاگیا۔ موٹر وے متعدد مقامات سے بند ہونے کے ساتھ ساتھ فلائٹ اور ٹرین آپریشن بھی متاثر ہوئے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش رہیں۔ گلگت بلتستان، خیبر پختوانخواہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے آگیا، لہہ میں پارہ منفی 13،استور میں منفی 12 رہا۔گوپس، کالام ، سکردو منفی 9، بگروٹ، ہنزہ میں منفی 6 ریکارڈ کیا گیا، قلات، گلگت منفی 5، کوئٹہ، منفی 4، دیر اور راولا کوٹ میں منفی 3 رہا۔