مغرب سے بارش برسانے والا سسٹم آج پاکستان میں داخل ہوگا

پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش کاامکان‘ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار
بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر گیا‘دھند کے باعث موٹروے   کئی مقامات سے  بند
لاہور(آئی این پی)مغرب سے بارش برسانے والا سسٹم  آج  پاکستان میں داخل ہوگا جس کے سبب پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا سسٹم لاہور پنجاب کے میدانی علاقوں کے بجائے مری اور گلیات میں بارش برسائے گا۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں جبکہ موسم خشک اور سرد رہے گا۔دوسری جانب ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار رہی، بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی کئی درجے نیچے گر گیا۔لہہ منفی 12، سکردو منفی 10، گوپس منفی 9، استور منفی 8، گلگت منفی 7، بگروٹ، ہنزہ منفی 6 اور قلات میں منفی 5 ڈگری رہا، مری منفی ایک، کوئٹہ اور مظفر آباد میں صفر ریکارڈ کیا گیا‘ شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے پر پنجاب کے مختلف حصوں میں موٹرویز اور اہم شاہراہیں ٹریفک کیلئے بند کر دی گئیں۔