راولپنڈی: سعودی عرب جانے والی خاتون کے پیٹ سے ہیروئن کے کیپسول برآمد

راولپنڈی: سعودی عرب جانے والی خاتون کے پیٹ سے ہیروئن کے کیپسول برآمد

پاکستان میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف اے این ایف (انسداد منشیات فورس) کی مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔

 ایک حالیہ کارروائی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والی ایک خاتون کے پیٹ سے 75 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔ اس خاتون کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ترجمان اے این ایف کے مطابق مختلف شہروں میں 8 مختلف کارروائیوں کے دوران 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 96 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 19.876 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ گرفتار ہونے والوں میں ایک ملزم اسلام آباد کے آئی جے پی روڈ سے تھا، جس کے قبضے سے 6 کلو چرس برآمد ہوئی۔اسی طرح لاہور کے جوہر ٹاؤن سے 3.5 کلو گرام ہیروئن اور اسلام آباد کے جی 10 میں 2.670 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔ حیدرآباد میں ایک خاتون سے 2.5 کلو گرام افیون جب کہ کوئٹہ میں ایک خاتون سے 2 کلو آئس برآمد ہوئی۔

 پشاور میں ایک کوریئر آفس سے لاہور اور کراچی بھیجے جانے والے پارسل سے 1.280 کلو گرام چرس ضبط کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے کاک پل اسٹاپ کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 1.3 کلو آئس بھی برآمد کی گئی۔اے این ایف حکام نے کہا کہ منشیات اسمگلر مافیا کی جانب سے خواتین کا استعمال انتہائی تشویشناک ہے، اور خواتین کے استحصال کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ اے این ایف اس مکروہ دھندے سے خواتین کو بچانے کے لیے فعال طور پر کام کر رہی ہے۔ ان تمام کارروائیوں میں ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔