غزہ میں اسرائیل کی جارحیت 7 اکتوبر 2023 سے مسلسل جاری ہے، جس میں فلسطینی عوام کا بڑا جانی نقصان ہوا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، اسرائیل نے تازہ حملوں میں مزید 21 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ ان حملوں میں غزہ کے مختلف حصوں میں تباہی کا سامنا ہے، جہاں نہ صرف انسانی جانوں کا نقصان ہو رہا ہے بلکہ بنیادی ڈھانچے اور اسپتالوں کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔اسرائیل نے لبنان اور یمن میں بھی فضائی حملے کیے ہیں۔ یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر بمباری کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک بجلی گھر تباہ ہوگیا۔ اس کے علاوہ یمن کے بندرگاہوں، خاص طور پر حدیدہ اور راس عیسیٰ کی بندرگاہوں کو بھی اسرائیل نے نشانہ بنایا۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان کے جنوب میں کیے گئے فضائی حملوں میں کئی افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں، تاہم اس کی تصدیق ابھی تک نہیں ہو سکی۔عالمی تنظیم "ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز" نے غزہ میں صحت کے نظام کی خراب صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں جنریٹرز کے لیے ایندھن ختم ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے مریضوں کی دیکھ بھال میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور اس کے نتیجے میں اسپتالوں میں مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔