بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا شہبازشریف
تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا، الحمدللہ ملکی معاشی ترقی کا سفر شروع ہے، حکومت کے معاشی اقدامات اور اگلے مالی سال کے لئے عوام دوست بجٹ ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہیں
ڈیفالٹ کے دہانے سے واپسی، معاشی استحکام اور ترقی کے سفر کی شروعات معجزہ ہے‘معاشی ٹیم کی محنت اور پاکستان کے مفادات کو اولین ترجیح دینے کی بدولت معاشی سطح پر یہ مثالی ٹرن اوور تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک‘ایجنسیاں)مئی 2025 کے دوران ترسیلات زر میں 3.7 ارب امریکی ڈالرز موصول، رواں مالی سال میں 34.9 ارب ڈالرز موصول ہوئے، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مئی 2025 کے دوران ترسیلات زر میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانوں کا حکومتی پالیسیوں پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ رواں مالی سال ترسیلات زر کی مد میں 34.9 ارب امریکی ڈالرز موصول ہوئے جو کہ پچھلے مالی سال کے مقابلے 28.8 فیصد اضافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مئی 2025 کے دوران ترسیلات زر میں 3.7 ارب امریکی ڈالرز موصول ہوئے جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 13.7 فیصد زیادہ ہیں۔وزیراعظم نے کاہ کہ ترسیلات زر میں اضافہ حکومتن کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے، حکومت کے معاشی اقدامات اور اگلے مالی سال کے لئے عوام دوست بجٹ ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہیں۔ وزیراعظم نے ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہونے پر حکومت کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا گیا، تنخواہوں میں اضافے اور ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا۔ وزیرِ اعظم نے اسٹاک مارکیٹ کا تاریخ کی بلند ترین سطح، ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس پر پہنچنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کے عوام دوست بجٹ پر اعتماد کا اظہار ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس کا مزید بوجھ نہیں ڈالا گیا، تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی سے نوکری پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا، الحمدللہ ملکی معاشی ترقی کا سفر شروع ہے، پاکستانی عوام نے قربانیاں دیں۔وزیرِاعظم نے کہا کہ اب ہم سب کو مل کر عام آدمی کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے محنت کرنا ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر، ترسیلات زر اور بر آمدات میں اضافہ معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت ممکن ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈیفالٹ کے دہانے سے واپسی، معاشی استحکام اور ترقی کے سفر کی شروعات ایک معجزہ ہے۔معاشی ٹیم کی محنت اور پاکستان کے مفادات کو اولین ترجیح دینے کی بدولت معاشی سطح پر یہ مثالی ٹرن اوور تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔