سولرپینل درآمد کرنے کی آڑ میں 106 ارب کی منی لانڈرنگ

7جعلی کمپنیوں کیخلاف مقدمہ‘منی لانڈرنگ کے بدنام زمانہ کارٹیل کو ختم کردیا گیا: ایف بی آر
اسلام آباد(آئی این پی)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے 106ارب روپے کی منی لانڈرنگ بے نقاب کرتے ہوئے اسکینڈل میں ملوث 7 جعلی کمپنیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق منی لانڈرنگ مافیا کیخلاف ایف بی آرکا کریک ڈائون جاری ہے۔  درآمد کیے جانے والے سولرپینل کی مجموعی مالیت انکم ٹیکس ڈیکلریشن کے مطابق 11کروڑ 90لاکھ روپے تھی۔ان بوگس کمپنیوں کی 85ارب روپے کی تمام مقامی فروخت غیر رجسٹرڈ اور ناقابل شناخت افراد کے نام پر ظاہر کی گئی۔ تحقیقات کے دوران اس بات کے واضح ثبوت ملے ہیں کہ درآمدی مرحلے پر بڑے پیمانے پر اوور انوائسنگ کی نشاندہی ہوئی ہے۔برآمد کنندہ ملک چین کی اصل کمرشل انوائس کے مطابق سولر پینلز کی حقیقی قیمت 0.15 سینٹ فی واٹ تھی، بعد ازاں پاکستان میں 0.35 سے 0.70 امریکی ڈالر فی واٹ کی ویلیو کے تناسب سے درآمد کیے گئے جو 235 فیصد سے 500 فیصد کے درمیان بڑے پیمانے پر اوور انوائسنگ کو ظاہر کرتا ہے۔