ورلڈ ماسٹر گیمز: پاکستان کے مقصود امجد راٹھور نے ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا

ورلڈ ماسٹر گیمز: پاکستان کے مقصود امجد راٹھور نے ویٹ لفٹنگ میں گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا

پاکستان کے سینئر ویٹ لفٹر مقصود امجد راٹھور نے ابوظہبی میں ورلڈ ماسٹر گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا۔

پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے مطابق 66 سالہ مقصود امجد راٹھور نے 95 کلوگرام باڈی ویٹ کی کیٹیگری میں سنیچ میں 55 کلو اور کلین اینڈ جرک میں 65 کلو وزن اٹھا کر مجموعی طور پر 120 کلو کے ٹوٹل کے ساتھ عالمی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کے ساتھ کراچی کے نفیس احمد آفیشل کے طور پر موجود تھے۔یہ کامیابی مقصود امجد راٹھور کی گزشتہ فتوحات کی کڑی میں شامل ہے، کیونکہ وہ پہلے بھی ایشین ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ ان کی فتح نے نہ صرف پاکستان بلکہ ملک کے سینئر ایتھلیٹس کے لیے بھی ایک مثال قائم کی ہے۔

پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے صدر جبران بن سلمان، کھیلوں سے وابستہ حلقوں، شائقین اور اہلِ خانہ نے اس فتح پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے پاکستان کے لیے ایک عظیم اعزاز قرار دیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مقصود امجد راٹھور کی کامیابی نوجوان کھلاڑیوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ محنت، نظم و ضبط اور لگن سے ہر عمر میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔