مہنگائی سے ملازمین معاشی دبا ئو کا شکار، ریل مزدور اتحاد

لاہور ( خصوصی رپورٹ) ریلوے لیبر یونینز کے رہنما ئوں نے ریل مزدور اتحاد کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ریلوے ملازمین کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ رہنما ئوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے ملازمین کو رمضان المبارک سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ جلسے سے پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے صدر رانا جبران، صدر ریل مزدور اتحاد و ریلوے ورکرز یونین سی بی اے ورکشاپس اسٹیبلشمنٹ میاں خالد محمود، قائد ریلوے لیبر یونین محمد سرفراز خان، صدر ریلوے انقلابی یونین چوہدری عنایت علی گجر، صدر سپریم یونین میاں محمود علی ننگیانہ، صدر ریلوے ورکرز یونین اوپن لائن چوہدری انور گجر، صدر محنت کش یونین رفیق اعوان، ریلوے ملی کلیریکل ایسوسی ایشن کے کو آرڈینیٹر خالد اقبال، سخی خان، عمران کھوکھر، اکبر کھوکھر، رانا معصوم علی، نذیر احمد اعوان، سلامت خان، ملک ظفر، محمد عاصم، محمد عمران، شفیق تنولی، صابر اعوان اور دیگر رہنما ئوں نے خطاب کیا۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ پانچ سال سے رکا ہوا ٹی اے عیدالفطر سے قبل فوری طور پر جاری کیا جائے۔ انہوں نے ٹیکنیکل الاونس 2017 کے بجائے 2022 کے نوٹیفکیشن کے مطابق ادا کرنے اور ٹیکنیکل الاونس کو بنیادی تنخواہ کا حصہ بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔جلسے میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ پرائیویٹ ٹرینوں میں ریلوے ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین کے لیے سفری کوٹہ یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ ریلوے انجن شیڈ کالونی میں خراب ٹیوب ویل کی فوری مرمت کر کے مکینوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے اور ٹی ایل اے ملازمین کو مستقل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔مقررین نے خبردار کیا کہ اگر ریلوے ملازمین کے جائز اور دیرینہ مطالبات پر فوری عمل در آمد نہ کیا گیا تو مزدور تنظیمیں احتجاجی تحریک شروع کرنے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوں گی۔