لاہور(خصوصی رپورٹ)ضلع کچہری لاہور نے بھاٹی گیٹ مین ہول میں گر کر ماں بیٹی کے جاں بحق ہونے کے مقدمے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ تین صفحات پر مشتمل تحریری عدالتی فیصلے کے مطابق ملزموں پراجیکٹ مینیجر اصغر علی ، سیفٹی انچارج حنظلہ اورسائٹ انچارج احمد نواز،کنٹریکٹر سلمان یاسین اور عثمان یاسین کو عدالت پیش کیا گیا ۔متوفی سعدیہ ساجد کے باپ ساجد حسین اور اس کے شوہر وکمسن ردا فاطمہ کے باپ غلام مرتضیٰ نے بیان قلمبند کروایا کہ ملزموں سلمان یاسین اور عثمان یاسین نے ہمیں دیت کی رقم دیدی ،اللہ کی رضا کیلئے تمام ملزموں کو معاف کر دیا ، فیصلہ میں لکھا ہے کہ مدعی اور متوفی کے شوہر کو دی گئی رقم دیت کے برابر نہیں ، ملزموں کو مقدمہ سے ڈسچارج نہیں کیا جا سکتا ، عدالت تمام ملزموں کو پچاس پچاس ہزار روپے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیتی ہے، پانچوں ملزموں کیخلاف تھانہ بھاٹی گیٹ میں مقدمہ درج ہے۔