7ماہ میں مجموعی فروخت 1 لاکھ 11 ہزار377 یونٹس تک پہنچ گئی
موٹرسائیکل، بس و ٹرک میں تیزی، ٹریکٹرز کی فروخت دباؤ کا شکار
کراچی(خصوصی رپورٹ)پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گاڑیوں کی فروخت میں غیر معمولی بہتری دیکھنے میں آئی اور یہ 43 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ ماہرین اس تیزی کو حکومتی اصلاحات، بہتر معاشی استحکام، نئی گاڑیوں کے ماڈلز کی دستیابی اور بینکوں کی جانب سینسبتاً آسان آٹو فنانسنگ سہولتوں کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔پاما رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے مقابلے میں سال 2026 کے میں گاڑیوں کی فروخت میں 36 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 74 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رواں مالی سال کے پہلے7ماہ میں مجموعی فروخت 43 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 11 ہزار377 یونٹس تک پہنچ گئی۔ دسمبر 2025 میں گاڑیوں کی فروخت 13 ہزار 280 یونٹس رہی تھی جو جنوری 2026 میں نمایاں اضافہ دکھا کر 23 ہزار 55 کا ہندسہ چھوگئی ۔ دوسری جانب دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے شعبے میں بھی مضبوط نمو سامنے آئی۔جنوری 2026 میں اس کی فروخت سالانہ بنیاد پر 31 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 81 ہزار 790 یونٹس تک جا پہنچی۔ رواں مالی سال کے سات ماہ میں یہ فروخت 32 فیصد اضافے کے ساتھ 11 لاکھ 5 ہزار 549 یونٹس ریکارڈ کی گئی جو موٹر سائیکل اور رکشہ مارکیٹ کی مضبوط طلب کی عکاسی کرتی ہے۔بھاری ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی غیر معمولی بہتری سامنے آئی۔ ٹرکوں اور بسوں کی فروخت سالانہ بنیاد پر 77 فیصد اضافے سے 621 یونٹس سے بڑھ کر 1 ہزار 101 یونٹس ہو گئی۔پہلے7ماہ میں یہ فروخت مزید تیزی دکھاتے ہوئے 91 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 632 یونٹس تک پہنچ گئی۔ پاما کے مطابق ٹریکٹرز کی فروخت میں سالانہ 9 فیصد اور ماہانہ 26 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔7ماہ میں ٹریکٹرز کی مجموعی فروخت مسلسل دباؤ کا شکار رہتے ہوئے صرف 15 ہزار 434 یونٹس تک محدود رہی۔