بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک گاؤں میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد گھر سے مردہ حالت میں برآمد ہوئے ہیں۔
مرنے والوں میں منیش کمار، ان کی اہلیہ سیما اور تین بچے ہنی، پریانشی اور پراتیک شامل ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق منیش کمار کی موت کرنٹ لگنے سے، اہلیہ کی موت پھندے سے لٹکنے سے جبکہ تینوں بچوں کی موت گلا دبانے سے ہوئی۔ واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب صبح بچوں کے گلی میں نہ آنے پر پڑوسیوں نے دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہو کر لاشیں دیکھیں۔پولیس کے مطابق گھر سے منیش کمار کی ایک ویڈیو بھی ملی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ وہ یہ قدم اپنی مرضی سے اٹھا رہے ہیں اور کسی کو اس کا ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔ ویڈیو میں انہوں نے حال ہی میں 12 لاکھ روپے میں پلاٹ فروخت کرنے کا ذکر کرتے ہوئے خریدار کو بے قصور قرار دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گھر کی دیوار پر ایک تحریری پیغام بھی ملا جس میں لکھا تھا: "ہم، منیش اور سیما، اپنی مرضی سے اپنی جان لے رہے ہیں۔" ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پولیس واقعے کو مبینہ اجتماعی خودکشی قرار دے کر مزید تحقیقات کر رہی ہے۔