وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایف سی ہسپتال میں زیر علاج زخمی سپاہیوں عدنان اور امتیاز کی عیادت کی اور انہیں علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران حکام نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دی کہ دونوں سپاہی فتنہ الخوارج کے حملے کو ناکام بنانے کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ محسن نقوی نے زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی اور ان کے علاج معالجے کے حوالے سے تفصیلی آگاہی حاصل کی۔وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمی سپاہیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے سپاہی عدنان اور سپاہی امتیاز کے بلند حوصلے، عزم اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔