تمام ممالک طالبان پر دبائو ڈالیں اور ان کے ساتھ معمول کے تعلقات نہ ر رکھے جائیں
لندن(آئی این پی )نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ افغانستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی کے حوالے سے بہت ہی خطرناک وقت ہے،طالبان لڑکیوں اور خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کر رہے ہیں، تمام ممالک طالبان پر دبائو ڈالیں اور ان کے ساتھ معمول کے تعلقات نہ ر رکھے جائیں۔ ایک انٹرویو میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ طالبان لڑکیوں سے تعلیم کا بنیادی حق چھین رہے ہیں، لڑکیاں وہاں اسکول نہیں جاسکتیں لیکن افغان لڑکیاں ہمت نہیں ہاررہیں، وہ اب بھی خفیہ اسکولوں اور آن لائن تعلیم حاصل کررہی ہیں۔ طالبان خواتین کو گھر سے باہر جانے اور کام کرنے نہیں دے رہے، بچوں کامستقبل تاریک نظر آتا ہے۔ملالہ نے طالبان کا لڑکیوں کو تعلیم کے حصول سے روکنا اسلام کے پیغام کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ طالبان کسی بھی بچی کودین کے نام پر تعلیم سے محروم نہیں کرسکتے۔ طالبان اپنے دین کوسمجھیں،علم حاصل کرنا دین کا حصہ ہے۔