جنوبی افریقا کو شکست، نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچ گیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا کا 304 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ نے 8 گیندوں قبل آسانی سے حاصل کرلیا، اسکے ساتھ ہی کیویز نے سیریز کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 4 وکٹ پر 48 اعشاریہ 4 اوورز میں 308 رنز بنا کر میچ 6 وکٹ سے اپنے نام کیا۔سہ فریقی سیریز میں نیوزی لینڈ کی یہ لگاتار دوسری فتح ہے، جس کے ساتھ وہ فائنل میں پہنچ گئی جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ 12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقا کے میچ کے بعد ہوگا۔دوسری اننگز کی خاص بات کین ولیم سن کی سنچری ہے، جنہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 133 رنز کی ناقابلِ شکست باری کھیلی۔ دوسرے کھلاڑیوں میں ڈیوان کانوے 97، مچل 10، لیتھم صفر اور ینگ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ پر 304 رنز بنائے تھے، بیٹر میتھیو بریٹز نے ڈیبیو پر سنچری اسکور کی، انہوں نے 150رنز کی اننگز کھیلی۔