آرگنائزڈکرائم یونٹ کو سی ٹی ڈی کی طرز پر بنانے کا فیصلہ

ابتدائی ڈھانچہ تیار ،ایڈیشنل آئی جی کے نیچے2ڈی آئی جی کی نئی سیٹیں ہونگی
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب پولیس میں آرگنائزڈکرائم یونٹ کو سی ٹی ڈی پولیس کی طرز پر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا،ابتدائی ڈھانچہ تیار کر لیا گیا۔آرگنائزڈکرائم یونٹ صرف سنگین جرائم کے اشتہاریوں سے نمٹنے کیلئے بنائی جا رہی ہے۔ ابتدائی ڈھانچے کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کے نیچے دو ڈی آئی جی کی نئی سیٹیں منظور کر ائی جائیں گی۔آرگنائزڈ کرائم یونٹ میں2ونگ ہوں گے،ایک آپریشنز اور دوسرا انٹیلی جنس ونگ ہو گا۔ دونوں کے ڈی آئی جی علیحدہ علیحدہ ہوں گے۔ 10 ایس ایس پی اور ایس پی کی سیٹیں منظور ہوں گی۔ اے اور بی کیٹیگری کے اضلاع میں ایس ایس پی اور ایس پی رینک کے افسر کو ہیڈ لگایا جائے گا جبکہ سی کیٹیگری کے اضلاع میں ڈی ایس پی ہیڈ ہو گا۔ تحصیل کی سطح پر انسپکٹر رینک کا افسر انچارج ہو گا۔ یونٹ کے ہر ضلع میں اپنے الگ تھانے ،عمارتیں اور گاڑیاں ہوں گی،یونٹ ڈائریکٹ مقدمات کا اندراج کر کے تفتیش کرے گا،پنجاب حکومت براہ راست فنڈز دے گی۔آرگنائزڈکرائم یونٹ کی وردی بھی نئے ڈائزین میں تیار ہو گی۔ہر ضلع میں نفری 2 سے 3 سو ،بڑے اضلاع میں 5سو کے قریب ہو گی۔ یونٹ صرف سنگین جرائم کے ملزموں کو پکڑ کر مقدمات چالان کرے گا۔ یونٹ کچے کے علاقے میں بھی آپریشنز کریگا۔پولیس حکام نے بتایا آرگنائزڈ کرائم یونٹ صرف بڑے ڈاکوئوں ،ڈکیت گینگ کے خلاف کارروائیاں کرے گا۔ لاہور یونٹ اس کے ماتحت نہیں ہو گا وہ سی سی پی او کے ماتحت ہی کام کرے گا۔