امریکی سائنسدانوں نے سولر پینلز کی طرز پر ہوا سے پانی بنانے والی حیرت انگیز مشین تیارکرلی

بارکلے (آئی این پی )امریکی سائنسدان نے سولر پینلز کی طرز پر ہوا سے پانی بنانے والی حیرت انگیز مشین تیار کر لی۔اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے کیمیا دان اور نوبل انعام یافتہ سائنسدان عمر یاغی نے ایک ایسی مشین تیار کی ہے جو براہِ راست ہوا سے پینے کا صاف پانی حاصل کر سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق اٹوکو کمپنی کی تیار کردہ یہ جدید مشین روزانہ ایک ہزار لیٹر تک صاف پانی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے حتی کہ ایسے علاقوں میں بھی جہاں نمی کی شرح صرف 20 فیصد سے بھی کم ہو پانی حاصل کر لیتی ہے۔ماہرین کے مطابق اس ٹیکنالوجی میں میٹل آرگینک فریم ورکس نامی جدید مادے استعمال کئے گئے ہیں یہ انتہائی باریک سوراخوں پر مشتمل خاص ساخت رکھتے ہیں جو ہوا میں موجود نمی کو سپنج کی طرح جذب کر لیتے ہیں۔بعد ازاں سورج کی حرارت یا کم درجے کی تھرمل توانائی کے ذریعے جذب شدہ نمی کو خارج کیا جاتا ہے، جسے گاڑھا کر کے صاف اور پینے کے قابل پانی میں تبدیل کر دیا جاتا ہے، اس عمل میں روایتی واٹر جنریٹرز کی طرح زیادہ بجلی یا کولنگ سسٹم کی ضرورت نہیں پڑتی۔رپورٹ کے مطابق یہ یونٹس شپنگ کنٹینر کے سائز کے ہیں اور آف گرڈ ماحول میں بھی کام کر سکتے ہیں