کچے کے علاقے میں لاہور طرز کا سیف سٹی پراجیکٹ بنانے کا فیصلہ

منصوبے میں تھرمل اور ٹیذرڈ ڈرونز کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا‘رات کو بھی مانیٹرنگ کی جائے گی
لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب حکومت نے لاہور کی طرز پر کچے کے علاقے میں سیف سٹی پروجیکٹ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔منصوبے کے تحت کچے کے علاقے کے جغرافیائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ سیف سٹی اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق دریائی جزائر اور گھنے جنگلات کی نگرانی ایک بڑا چیلنج ہے، جبکہ گنے کی فصلیں جرائم پیشہ عناصر کے لیے پناہ گاہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کچے کے علاقے میں موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی ایک اہم مسئلہ ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر منصوبے میں تھرمل اور ٹیذرڈ ڈرونز کے ذریعے 24 گھنٹے نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔اسی طرح رات کے وقت موثر مانیٹرنگ کے لیے تھرمل کیمروں اور گاڑیوں کی جدید ٹریکنگ سسٹم کو بھی شامل کیا جائے گا۔