مجھے اور میرے خاوند کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں
بانی نے اپنی تمام تر زندگی قانون و آئین کی بالا دستی کے لئے وقف کردی ہے:تحریری بیان
راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے کہا ہے مجھے مقدمات میں بدنیتی سے بغیر کسی قانونی جواز کے ملوث کیا گیا ہے، مجھے اور میرے خاوند کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بشری بی بی نے نومبرسے متعلق مقدمات میں اپنا تحریری بیان دے دیا ہے۔بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کہا کہ اپنی تمام زندگی قانون اور آئین کے مطابق گزاری ہے، مقدمات میں بدنیتی سے بغیر قانونی جواز کے ملوث کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سیاسی جماعت پی ٹی آئی کے بانی کی شریک حیات ہوں، بانی نے اپنی تمام تر زندگی قانون و آئین کی بالا دستی کے لئے وقف کردی ہے۔بشری بی بی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کبھی بھی کوئی آئین اور قانون کے منافی کام نہیں کیا، میرے شوہر کے دیگر خاندان کے افراد کو بھی مختلف جھوٹے مقدمات میں ملوث کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے اور میرے خاوند کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے مقدمات بنائے گئے، مجھے غیر قانونی طور پر ملوث کیا گیا۔بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی کسی غیر آئینی،غیر قانونی سرگرمی میں بالواسطہ یا بلا واسطہ حصہ نہیں لیا ہے۔