شام میں عبوری حکومت بنانے کی ذمہ داری محمد البشیر کے سپرد

 بشارالاسد دور کے وزیرِ اعظم غازی الجلالی کو پرامن انتقال اقتدار میں تعاون کی ہدایت
باغیوں نے  سرکاری فوج کیلئے عام معافی کا اعلان کر دیا‘کرفیواٹھا لیا گیا‘معمولات زندگی بحال

 دمشق(آئی این پی)شام میں بشار الاسد کو اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد اپوزیشن تحریک کے اہم رہنما محمد البشیر کو عبوری انتظامیہ کا سربراہ بنا دیا گیا۔ باغیوں نے  سرکاری فوج کے لیے عام معافی کا اعلان کر دیا  ۔شامی میڈیا کے مطابق ملٹری آپریشنز ڈیپارٹمنٹ کے کمانڈر احمد الشرع نے محمد البشیر سے ملاقات کی، اس دوران   محمد البشیر کو شام میں عبوری حکومت کی تشکیل کی ذمہ داری سونپی گئی  ۔اس  کا مقصد اقتدار کی منتقلی کے انتظامات کا تعین کرنا اور شام کو افراتفری کی حالت میں داخل ہونے سے بچانا ہے۔ باغیوں نے بشارالاسد دور کے وزیرِ اعظم غازی الجلالی کو پرامن انتقال اقتدار میں تعاون اور بیرون ملک شام کے سفیروں کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر روس میں شامی سفارت خانے پر شام کا نیا پرچم لہرا دیا گیا۔