خود معلوم نہیں کیسے زندہ بچا؟:احمدآباد طیارہ حادثے میں بچ جانیوالاشخص

طیارہ اڑان بھرنے کے دوران ہی حادثے کا شکار ہوا، میں ٹوٹ کر نیچے گرنے والے حصے میں موجود تھا
 ارد گرد لاشیں تھیں، یقین ہوگیا تھا مرنیوالا ہوں ،نئی زندگی ملنے پر بہت خوش ہوں ،رمیش وشواس کمارکا انٹرویو 
احمد آباد(آئی این پی ) بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے میں معجزاتی طورپر زندہ بچ جانیوالے مسافر نے بتایا کہ طیارہ اڑان بھرنے کے دوران ہی حادثے کا شکار ہوا، میں ٹوٹ کر نیچے گرنے والے حصے میں موجود تھا، جس وجہ سے معجزاتی طور پر بچ گیا ۔احمد آباد سے لندن جانے والے ایئر انڈیا کا طیارہ 12 جون کو کر گر تباہ ہوا تھا، حادثے میں 241مسافر اور عملے کے ارکان ہلاک ہوئے تھے، ایک شخص معجزاتی طور پر بچ گیا تھا۔زندہ بچ جانے والے مسافر نے این ڈی ٹی وی کو مختصر انٹرویو دیا۔ہسپتال میں زیر علاج رمیش وشواس کمار نے بتایا کہ طیارہ اڑان بھرنے کے دوران ہی حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے کی سپیڈ تیز ہونے کے دوران ہی کوئی فنی خرابی ہوئی اور طیارہ اڑان بھرنے کے بجائے ہاسٹل کی عمارت سے جا لگا۔رمیش وشواس کمار کا کہنا تھا کہ طیارہ عمارت سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں ٹوٹ گیا، پہلا حصہ عمارت پر لٹکا رہا، دوسرا حصہ ٹوٹ کر نیچے جا گرا۔انہوں نے بتایا کہ وہ ٹوٹ کر نیچے گرنے والے حصے میں موجود تھے، جس وجہ سے وہ معجزاتی طور پر بچ گئے۔ان کے مطابق پہلے تو انہیں بھی لگا کہ وہ بھی مرنے والے ہیں اور ان کی آنکھیں بھی بند ہوگئیں لیکن چند منٹوں کے بعد ان کی آنکھیں کھلیں تو پوری جان لگا کر وہ وہاں سے اٹھے اور باہر نکلے۔رمیش وشواس کمار نے بتایا کہ ان کا سیٹ بیلٹ بھی ٹوٹ کر کھل کر چکا تھا، ان کے ارد گرد لاشیں تھیں، انہیں بھی یقین ہوگیا کہ وہ بھی مرنے والے ہیں لیکن معجزاتی طور پر وہ بچ گئے۔رمیش وشواس کمار کا کہنا تھا کہ جہاز کے ٹوٹنے کے بعد وہاں آگ لگ گئی تھی، ان کا ایک بازو بھی جھلسا لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور پوری جان لگا کر طیارے سے باہر نکلے اور نئی زندگی پائی۔انہوں نے سوالیہ انداز میں بتایا کہ انہیں خود معلوم نہیں کہ وہ کیسے زندہ بچے؟ لیکن وہ نئی زندگی ملنے پر بہت خوش ہیں۔