ہمارے میوزک میں جو بات ہے وہ بھارتی موسیقی میں نہیں: عاطف اسلم

کمپوزیشنز جو ہیں، وہ دونوں طرف کی اچھی ہیں، لیکن جو ہمارا میوزک ہے، اس کی مٹی کی خوشبو اصل پن ہے
لاہور (آئی این پی)بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ ہمارے میوزک میں جو بات ہے وہ بھارتی موسیقی میں نہیں ہے۔ ایک انٹرویو میں جب عاطف اسلم سے یہ پوچھا گیا کہ وہ کون سی چیز ہے جو کوک اسٹوڈیو پاکستان کو بھارتی ورژن کے مقابلے میں برتری دلاتی ہے، تو انھوں نے مسکراتے ہوئے صرف یہ ایک لفظ کہا جادو۔موسیقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عاطف اسلم کا کہنا تھا کہ دونوں طرف دھنیں اچھی بنتی ہیں لیکن جو بات ہمارے موسیقی کے اندر پائی جاتی ہے وہ بھارتی موسیقی سے غائب ہے۔انھوں نے اپنے الفاظ میں کہا کہ کمپوزیشنز جو ہیں، وہ دونوں طرف کی اچھی ہیں، لیکن جو ہمارا میوزک ہے، اس کی جو مٹی کی خوشبو اور اصل پن ہے، وہ وہاں مسنگ ہے۔ان کے مطابق یہی توازن کوک اسٹوڈیو پاکستان کو ایک الگ شناخت دیتا ہے، جہاں تیار کی گئی کمپوزیشن کے ساتھ گلوکار کی اپنی آواز اور انداز بھی نمایاں رہتا ہے۔