گرجا گھروں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی ، سنائپرز تعینات

مسیحی عبادات کے دوران سرچ آپریشنز، ایلیٹ، ڈولفن، پی آر یو متحرک 
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے دوران پنجاب پولیس نے ہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی فرائض ادا کیے۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سپروائزری افسران گرجا گھروں اور اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں۔ حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں۔ ڈولفن سکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد مؤثر پیٹرولنگ یقینی بنائیں۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوان انتہائی الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ علمائے کرام، مسیحی کمیونٹی اور امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔