صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر خدمات کو قوم کے لیے فخر قرار دے دیا

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر خدمات کو قوم کے لیے فخر قرار دے دیا

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اقلیتوں کی خدمات پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن قائداعظم کے وژن کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں ہر شہری کو مساوی حقوق اور باہمی احترام حاصل ہے۔صدر زرداری نے اقلیتوں کی مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان تمام شہریوں کو بلا تفریق مساوی حقوق دیتا ہے اور اقلیتوں کے سیاسی، معاشی، مذہبی، سماجی اور ثقافتی حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اقلیتی طلبہ کو وظائف اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دے کر قومی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مضبوط کیا جائے گا تاکہ خوشحال پاکستان تشکیل دیا جا سکے۔صدر مملکت نے یاد دہانی کرائی کہ 2009 میں پہلی مدت صدارت کے دوران 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ حکومت اقلیتوں کو بااختیار بنانے، ان کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام جاری رکھے گی اور قومی زندگی میں ان کی بامعنی شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔