کمرشل علاقوں میں تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ہر ممکن وسائل کی فراہمی یقینی بنائینگے:وزیر بلدیات
لاہور (کرائم رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران شہروں بالخصوص کمرشل علاقوں میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دوسری شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ مصروف تجارتی مراکز میں صفائی برقرار رکھنے کیلئے اضافی اقدامات ضروری ہیں۔ اضافی اقدامات کے لئے تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو ہر ممکن وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ تجرباتی مرحلہ گزر چکا ہے اور اب ستھرا پنجاب پروگرام کو ایک سسٹم میں تبدیل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے سی ای اوز کو ہر گا ئوں میں ویسٹ انکلوڑر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مانیٹرنگ کیلئے ہر ضلع میں اسسٹنٹ کمشنر (ایچ آر) کو ذمہ داریاں سونپنے کی منظوری دی۔ کنٹریکٹرز کی نگرانی کے لئے دیہات میں ہر دو یونین کونسلوں جبکہ شہروں میں 70 ہزار کی آبادی کے لئے ایک فیلڈ مانیٹرنگ آفیسر (ایف ایم او) لگایا جائے گا۔ گندگی پھیلانے پر مقامی حکومتوں کے ذریعے جرمانے کا میکانزم بنائیں گے۔ اس کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔