4سگی بہنوں کا اقدام خود کشی

سرگودھا (خصوصی رپورٹ)سرگودھا کے نواح میں سوتیلی ماں سے مبینہ جھگڑے کے بعد چار سگی بہنوں نے خودکشی کی کوشش کی، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔اطلاعات کے مطابق چک نمبر 7 شمالی میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں 18 سالہ علشبہ، 16 سالہ نایاب، 14 سالہ بشریٰ اور 13 سالہ مصباح نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی۔ریسکیو حکام کے مطابق چاروں بہنوں کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا، ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور متاثرہ لڑکیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال بھلوال منتقل کیا، تاہم حالت مزید بگڑنے پر انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا ریفر کر دیا گیا۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ گائوں میں اس سانحے پر گہرا دکھ اور افسوس پایا جا رہا ہے۔