ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ کراچی میں ڈمپرز کو جلانے کے واقعے میں 14 سے 15 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ ایف بی ایریا تھانہ اور یوسف پلازہ تھانہ کے ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا گیا ہے۔ سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ ڈمپر مالکان کو 3 ماہ کا وقت دیا گیا تھا کہ وہ گاڑیوں میں ٹریکرز نصب کریں اور پہیوں کے گرد سیفٹی لگائیں۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب راشد منہاس روڈ پر ایک ٹریفک حادثے میں بہن اور بھائی جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور پر تشدد کیا اور 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی۔پولیس کے مطابق مقدمے میں قتلِ خطا کی دفعہ شامل کر لی گئی ہے، جبکہ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق حادثے میں بھتیجی اور بھتیجا جاں بحق جبکہ بھائی زخمی ہوا۔