بلاول بھٹو زرداری کی ہندو برادری سمیت دنیا بھر میں دیوالی منانے والوں کو مبارکباد، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے متفقہ آئین کے تحت تمام غیر مسلم شہری مساوی حقوق اور مواقع کے حقدار ہیں، ، چیئرمین پیپلز پارٹی
اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کی ہندو برادری سمیت دنیا بھر میں دیوالی منانے والوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے خوشیوں، امن، محبت اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔دیوالی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دیوالی کا ہر روشن دیا امن، امید، محبت اور روشنی کا پیغام دیتا ہے، جبکہ اس تہوار کی روشنی مذہب، رنگ اور نسل کی تفریق سے بالاتر ہو کر ہر دل اور ہر آنگن کو منور کرتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہندو برادری پاکستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور قومی تعمیر و ترقی میں اس کا کردار انمول ہے۔ ہماری خوشیاں اور غم سانجھے ہیں، جبکہ پاکستان کی تمام برادریاں ہماری قومی زندگی کا لازمی حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے متفقہ آئین کے تحت تمام غیر مسلم شہری مساوی حقوق اور مواقع کے حقدار ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی اقلیتوں کو قومی فیصلہ سازی میں مؤثر کردار دلانے کے لیے جدوجہد کی۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 11 ستمبر کو قومی اقلیتی دن قرار دے کر اقلیتوں کی خدمات کو اجاگر کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے پْرعزم ہے۔اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ لوگوں کی زندگیوں میں خوشیوں کے دیے ہمیشہ روشن رہیں اور ہر آنگن امن، محبت اور خوشحالی سے جگمگاتا رہے۔